منگلورو:11/جون (ایس اؤنیوز)موجودہ دور کے اہم پیشے اورملک کے انتظامی امور میں مرکزی کردار اداکرنے والے سول سرویسس ایک بہت ہی چھوٹے سے طبقہ کی پکڑ میں ہیں۔ بھارت دیش کے اصل باشندے دلت، اقلیتیں اور پسماندہ طبقات سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر بہت ہی پچھڑے ہوئے ہیں۔ اس کی اصل وجہ ان طبقات کی ترقی کو نظر انداز کئے جانے سے یہ ابتر حالات پیدا ہوئے ہیں۔ انہی حالات کے پس منظر میں ایس آئی اؤ کی طرف سے ملک کے تمام طبقات کو خود مختار بنانے کے لئے ’’ کئی مذاہب ایک بھارت ‘‘معنی خیز مہم ملک بھر میں جاری کی گئی ہے۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی اؤ) دکشن کنڑا ضلع صدر طلحہ اسماعیل نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
وہ یہاں ملک بھر میں کئی مذاہب ایک بھارت نامی سالانہ مہم کے تحت امبیڈکر بھون میں ایس آئی اؤ منگلورو اور امبیڈکر فرنڈس کلب منگلورو کی طرف سے مشترکہ طورپر منعقدہ افطار کوٹا اور کونسلنگ پروگرام میں وہ خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ آج مرکزی حکومت جو بھی کام کررہی ہے یا اقدامات اٹھا رہی ہے وہ ایک دھرم کئی بھارت کی طرف اشارہ کرتے ہیں، سماج کے تمام طبقات کے درمیان محبت ، مساوات بھائی چارگی کو مضبوط کرنے کے بجائے نفرت کے بیچ بوتی نظر آرہی ہے، دلتوں پر مسلسل حملے ہورہے ہیں، گائے کے نام پر مسلمانوں کا دن دہاڑے قتل کیا جارہاہے ، ان حالات میں تمام مظلوم طبقات کو متحد ہوکر کئی دھرم ایک بھارت کے لئے کام کرنا ہوگا۔
پروگرام میں ڈاکٹر مصباح نے کونسلنگ کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہاکہ دلتوں کی خود مختاری کی جب بھی بات کرتے ہیں تو ضروری ہے کہ مستقبل میں ان کی ہمہ جہت ترقی کے لئے منصوبہ جات تشکیل دے کر قدم اٹھائیں۔ بزرگ لیڈر رام داس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کیا۔ پروگرام میں ایس ایس ایل سی اور پی یو سی میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کی تہنیت کی گئی ۔ شری وسنت کمار نے پروگرام کی صدارت کی۔ مبین بینگرے نے شکریہ اداکیا۔ اے ایف سی صدر کماری شویتا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر ریسرچ اسکالر ورون ، ایس آئی اؤ کے ضلعی سکریٹری نظام موجود تھے۔
